نیویارک:اقوام متحدہ نے خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کیلئے دہشت گردی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان نے القاعدہ، داعش اور اس سے متعلقہ گروہوں کے لاحق عالمی خطرے پر توجہ دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یواین مانیٹرنگ گروپ نے سیکیورٹی کونسل میں رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے پندرہ صوبوں میں دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جو پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
یو این مانیٹرنگ ٹیم کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین پر کام کرنے والی القائدہ، داعش اور تحریک طالبان پاکستان میں سرحد پار سے حملے کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی بھتہ خوری، اسمگلنگ سے فنڈز اکھٹا کر رہی اور افغانستان میں کئی علاقوں سے ٹیکس بھی اکٹھا کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغان صوبے کنڑ میں ٹیکس وصولی کے جھگڑے پر جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی میں تصادم بھی ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کو بھارتی امداد کے پختہ ثبوت بھی پاکستان نے دیئے، بھارت کی دہشت گردوں کی کفالت پاکستان سمیت خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہے