پاکستان نے مزید 46 افغان فوجیوں کو پناہ دیدی

پاکستان نے افغان فوج کے 5 افسروں سمیت مزید 46 اہلکاروں کو پناہ اور محفوظ راستہ دے دیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان نیشنل آرمی کے مقامی کمانڈر نے ارندو سیکٹر چترال میں پاک فوج سے پناہ کی درخواست کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فوجی چترال میں ارندو سیکٹر میں رات گئے پہنچے تھے،جبکہ یہ افغان سپاہی پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر واقع اپنی چوکی پر مزید قبضہ جاری رکھنےکےقابل نہیں رہے تھے،لہذا ان 5 افسران سمیت 46 افغان فوجیوں کو پاکستان میں پناہ اورمحفوظ راستہ دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان پہنچنے والے افغان فوجیوں کو خوراک، شیلٹر اور طبی امداد فراہم کی گئی، پاک آرمی نےمعلومات اورضروری کارروائی کیلئےافغان آرمی سے رابطہ کیا ہے، افغان فوجیوں کو قانونی عمل سے گزار کر افغان حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے پاکستان سے پناہ مانگی تھی اور انہیں بھی پناہ اور محفوظ راستہ دے کر افغان حکام کے حوالے کر دیاگیاتھا۔