لندن: اسکاٹ لینڈ کے کوہ پیما رک ایلن ’’کے ٹو‘‘ پہاڑ سر کرنے کی کوشش کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے کوہ پیما رک ایلن نئے رُوٹ کے ذریعے ’’کے ٹو‘‘ پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران اچانک ایک برفانی تودہ گرا جس کی زد میں آکر کوہ پیما ہلاک ہوگئے۔
چیریٹی پارٹنرز ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں 68 سالہ کوہِ پیما کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسکاٹش کوہ پیما رک ایلن کی لاش گزشتہ شام تلاش کرلی گئی اور کے ٹو کی آغوش میں ہی ان کی لاش دفن کردی گئی۔
رک ایلن اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک نئے راستے سے پہاڑ سر کرنے کی کوشش میں تھے۔ ان کے دونوں ساتھی محفوظ ہیں اور کیمپ ٹو تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ ’’کے ٹو‘‘ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے جو پاکستان میں سلسلہ کوہ قراقرم میں واقع ہے اور اس کی بلندی 8 ہزار 611 میٹر ہے جسے سر کرنے کی کوشش کے دوران 87 کوہ پیما ہلاک ہوچکے ہیں۔