آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں پناہ لینے والے46 افغان فوجیوں کو واپس افغانستان حکومت کے حوالے کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان فوج کے 5 افسران سمیت 46 فوجیوں کو نواپاس باجوڑ میں افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فوجیوں کو رات 12 بجکر 35 منٹ پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ افغان فوج اور بارڈر پولیس کے جوانوں کو 25 جولائی کو چترال کے ارونڈو سیکٹر میں ان کی درخواست پر پاکستان میں محفوظ راستہ دیا گیا تھا، لازمی کلیئرنس کے بعد افغان فوجی اپنے ہتھیاروں، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوئے تھے جنہیں رات ہتھیاروں اور سازو سامان کے ہمراہ ان کی درخواست پر افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضرورت کے وقت پاکستان اپنے افغان بھائیوں کی ہر طرح کی مدد جاری رکھے گا۔
اس موقع پر افغان فوج کے کمانڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمارا ہر طرح سے خیال رکھا، پاکستان حکومت اور پاک فوج کے شکر گزار ہیں، پاک فوج نے ہماری مہمان نوازی کی جسے ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔