کابل: افغانستان میں طالبان نے 407 اضلاع میں سے 220 کا کنٹرول حاصل کرلیا۔
افغان امور کے نئے امریکی انچارج جنرل کینتھ میکنزی اعلان کیا ہے کہ افغان فورسز کی درخواست پر طالبان کے خلاف بمباری تیز کردی گئی ہے جبکہ قندھار پر قبضے کیلئے افغان فوج اور طالبان میں شدید لڑائی جاری ہے۔
طالبان کا کہنا ہے کہ کابل اور صوبائی دارالحکومتوں کے قریب پہنچ گئے ہیں جبکہ افغان حکومت نے جھڑپوں کے دوران سینکڑوں طالبان کی ہلاکت کادعویٰ کیا ہے۔
افغانستان کے صوبے ننگرہار کی فضاؤں میں امریکی بی 52 اور قندھار پر ڈرون طیاروں کو پروازیں کرتے دیکھا گیا ہے۔
اسی طرح ہلمند میں افغان ائیرفورس کے حملے میں ہسپتال تباہ ہوگیا۔
طالبان نے کنڑ صوبے میں غازی آباد کے بعد پاکستان سے ملحق سرحدی ضلع نری پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔
ضلعی سربراہ گل زمان سمیت 80 اہلکاروں نے ہتھیار ڈال کر تمام فوجی سازوسامان طالبان کے حوالے کردیا جبکہ کابل میں 7 سیکورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔