طالبان نے افغان فوجی ہیلی کاپٹر ما ر گرایا

 

کابل:جنوبی افغانستان کے صوبہ ہلمند میں طالبان نے ایک افغان فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

 طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے صوبہ ہلمند کے ضلع ناد علی میں ایک افغان فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے جبکہ ضلع ناد علی کے مرکز پر قبضہ کرکے پولیس سربراہ کو یرغمال بنا لیا ہے۔

 مجاہد کے مطابق طالبان کے اس حملہ میں متعدد افغان فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے ہیں۔

 ادھر افغان میڈیا نے افغان ملٹری فورسز کے بیان کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ ہلمند میں گزشتہ شب افغان فوجی ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 نے فنی خرابی اور تکنیکی وجوہات کی بناپر ہنگامی لینڈنگ کی جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تاہم اس میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ 

افغان فوج کے بیان میں  طالبان کے خلاف آپریشن کے دوران 30 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

افغان صوبہ پکتیا کے ضلع چمکنی میں 497 افغان فوجی اور پولیس اہلکار اسلحہ پھینک کر طالبان کے ساتھ شامل ہوگئے۔ 

ریڈیو آزادی کے مطابق امارت اسلامی افغانستان نے افغان فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کے اس اقدام کو سراہا ہے۔

دریں اثناء افغانستان میں طالبان نے 407 اضلاع میں سے 220 کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ افغان امور کے نئے امریکی انچارج جنرل کینتھ میکنزی اعلان کیا ہے کہ افغان فورسز کی درخواست پر طالبان کے خلاف بمباری تیز کردی گئی ہے جبکہ قندھار پر قبضے کیلئے افغان فوج اور طالبان میں شدید لڑائی جاری ہے۔

 طالبان کا کہنا ہے کہ کابل اور صوبائی دارالحکومتوں کے قریب پہنچ گئے ہیں جبکہ افغان حکومت نے جھڑپوں کے دوران سیکڑوں طالبان کی ہلاکت دعوی کیا ہے۔ ننگرہار میں امریکی بی 52 اور قندھار پر ڈرون طیاروں کو پروازیں کرتے دیکھا گیا ہے، اسی طرح ہلمند میں افغان ائیرفورس کے حملے میں اسپتال تباہ ہوگیا۔

 طالبان نے کنڑ صوبے میں غازی آباد کے بعد پاکستان سے ملحق سرحدی ضلع نری پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ ضلعی سربراہ گل زمان سمیت 80 اہلکاروں نے ہتھیار ڈال کر تمام فوجی سازوسامان طالبان کے حوالے کردیا جبکہ کابل میں 7 سیکورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال شدید چیلنج بنی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا اکانٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں نیٹو سیکرٹری جنرل نے کہاکہ نیٹو مالی اعانت سمیت اپنے سویلین اسٹاف کی موجودگی اور افغان افواج کی افغانستان سے باہر ٹریننگ کے ذریعے افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔افغان آرمی چیف جنرل ولی محمد احمد زئی نے اپنا دورہ بھارت ملتوی کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی اور حملوں کی شدت کی وجہ سے افغان آرمی چیف جنرل ولی محمد احمد زئی نے اپنا دورہ بھارت ملتوی کیا۔