قندھار: مشہور افغان مزاحیہ اداکار نذر محمد المعروف ’خاشا زوان‘ کو مبینہ طور پر طالبان نے اغوا کے بعد بدترین کا تشدد کا نشانہ بناکر قتل کر دیا تاہم طالبان نے اس کی تردید کی ہے۔
طلوع نیوز کے مطابق قندھار کے کامیڈین خاشازوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، اُن کے اہل خانہ نے قتل کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہرایا ہے تاہم طالبان نے اداکار کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
جنگ زدہ صوبے قندھار میں طالبان نے اکثر علاقوں میں جھڑپوں کے بعد کنٹرول حاصل کرلیا اور اسی دوران مزاحیہ اداکار نذر محمد کو جمعرات کے روز سادہ لباس میں ملبوس مسلح افراد نے اغوا کیا اور منگل کو ان کی لاش مل گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح افراد نے اداکار کے ہاتھ پشت پر باندھ گاڑی میں بٹھایا ہوا ہے اور منہ پر تھپڑ مار رہے ہیں۔ تھپڑ مارنے والا شخص اداکار کو مغلظات بھی بک رہا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں ترجمان طالبان ڈاکٹر نعیم نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ طالبان کی فتح سے خوف زدہ ذہنوں نے خود ساختہ اور گمراہ کن تصاویر، ویڈیوز اور جھوٹی خبریں پھیلانا شروع کردی ہیں جن کا طالبان سے کچھ لینا دینا نہیں۔