پاک افغان سرحد پر طالبان نے ٹیکس وصولی بھی شروع کردی

اسلام آباد: طالبان نے بدری بٹالین 313کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں خاص فوجی لباس پہنے کمانڈوز کی ٹریننگ دی جاری رہی ہے انہیں افغانستان کی سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں خصوصی آپریشن کیلئے استعمال کیا جائیگا 

ادھر پاکستان کی جانب سے تجارتی سرگریوں کے لیے سرحد کھولنے کے اگلے روز سے ہی طالبان نے افغانستان سے جانے والی اور پاکستان سے آنے والی اشیا پر پر نیا ٹیرف نافذ کرکے ٹیکسز اکٹھا کرنے شروع کردیے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں طالبان نے سرحدی علاقے اسپن بولدک پر قبضہ کر لیا تھا۔

 پاکستان نے طالبان اور افغان افواج میں جاری جھڑپوں کے باعث سرحد بند کردی تھی جس سے تجارتی سرگرمیاں 15 روز تک معطل رہیں۔

افغانستان کے علاقوں اسپن بولدک اور ویش میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان شدید لڑائی کے بعد پاکستان کی جانب سے بارڈر بند کردیا گیا تھا۔

پاکستان نے طالبان حکام سے مذاکرات کے بعد افغانستان کے ساتھ سرحد دوبارہ کھول دی تھی، طالبان حکام قبضہ شدہ علاقوں میں اب روز مرہ کے معاملات دیکھ رہے ہیں۔

شناخت ظاہر کیے بغیر سرکاری عہدیداران نے کہا کہ طالبان اب افغانستان میں داخل ہونے اور پاکستان جانے والے ٹرکوں اور کنٹینرز سے ٹیکسز وصول کر رہے ہیں۔

پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی اے جے سی سی آئی) کے نائب صدر عمران خان کاکڑ نے چمن سے فون کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ طالبان نے 20 صفحات پر مشتمل ٹیکس دستاویز جاری کی ہے جس میں افغانستان میں داخل ہونے والی اور پاکستان جانے والی مختلف اشیا کا ٹیرف درج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویش میں طالبان عہدیداران ہر برآمد اور درآمد ہونے والی اشیا پر خود سے مقرر کردہ ٹیکسز وصول کر رہے ہیں۔

 افغانستان کے ساتھ خود برآمدات اور درآمدات کا کاروبار کرنے والے عمران خان کاکڑ نے بتایا کہ 'اب افغان اور پاکستانی امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو دو بار ٹیکسز اور دیگر ڈیوٹیاں ادا کرنی پڑ رہی ہیں '۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کو طالبان کو ٹیکس دینے کے بعد قندھار پہنچنے پر افغان حکام کو بھی ٹیکس ادا کرنا پڑ رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مقرر کردہ ٹیرف کے مطابق ٹیکسز وصول کر رہے ہیں۔

عمران کاکڑ نے مزید بتایا کہ ہمیں پاکستان کی سرحد پر کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا ہے اور افغان ٹرانزٹ اور تجارتی ساز و سامان سے لیس ٹرک ضابطے کی کارروائی کے بعد باآسانی سرحد پار کر رہے ہیں۔