پاکستان سمیت ترقی پزیرملکوں کو 275 ارب ڈالر ملیں گے

 آئی ایم ایف نے عالمی معیشت کو بحران سے نکالنے کے لیے رکن ممالک کے لیے 650 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا اعلان کردیا جو اس کی تاریخ کی سب سے بڑی فنڈنگ ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے عالمی معیشت کو بحران سے نکالنے اورسرمائے کی فراہمی کے لیے فنڈنگ کی منظوری دے دی ہے اور تمام ممبر ممالک کے لیے فنڈنگ 23 اگست سے دستیاب ہوسکے گی۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کے بورڈ آف گورنرز نے 650 ارب ڈالرکے اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) مختص کردیے۔ ایس ڈی آر 23 اگست سے فعال ہوں گے۔

آئی ایم ایف کے مطابق ابھرتی ہوئی معیشتوں اورترقی پزیرملکوں کو 275 ارب ڈالر ملیں گے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کوزرِمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے 2.8 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو یہ رقوم اگست کے آخر تک موصول ہوں گی جب کہ آئی ایم ایف کے اضافی فنڈز سے پاکستان کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 20 ارب ڈالر کی تاریخی سطح تک بلند ہوجائے گی۔