امارات نے پاکستان بارے پابندی ختم کردی 

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کی ٹرانزٹ فلائیٹس پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 اسی طرح مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت بھی فراہم کی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز مینیجمنٹ اتھارٹی نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ پانچ اگست سے پاکستان، بھارت اور نائیجیریا سمیت کئی دیگر ممالک کی ٹرانزٹ فلائٹس پر عائد پابندی ختم کر دی جائے گی۔ 

ان دنوں بیرون ممالک جانے والے ہزاروں مسافر پاکستان میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی مسافروں کے لیے حب قرار دیا جاتا ہے۔ 

کورونا وائرس وبا کی وجہ سے اس خلیجی ملک نے جنوبی ایشیا سمیت افریقی ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

 دبئی حکام کا منگل کے روز کہنا تھا کہ جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی تھی، ان ممالک سے ٹرانزٹ مسافر اب دبئی ایئرپورٹ کا استعمال کر سکیں گے۔

 تاہم ایسے تمام مسافروں کو منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا، جو روانگی سے بہتر گھنٹے پہلے کروایا گیا ہو دوسری جانب ایسے مسافروں کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت بھی مل سکے گی، جن کے پاس درست رہائشی پرمٹ ہو گا  جو افراد متحدہ عرب امارات میں میڈیکل، تعلیم یا کسی حکومتی شعبے میں ملازمت کر رہے ہیں یا پھر ملک میں تعلیم یا علاج کی غرض سے آنا چاہتے ہیں، ان کو ویکسینیشن کی شرط سے استثنا قرار دیا گیا ہے۔

 متحدہ عرب امارات کے مطابق ایسے کیسز کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جائے گا۔