طالبان کا سرِپل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ 

کابل:افغانستان میں طالبان کی جانب سے دو مزید صوبائی دارالحکومتوں سرِپل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم باضابطہ طور پر تاحال سرکاری سطح پر اس حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی۔

برطانوی ٹی وی کے مطابق قندوز میں افغان حکام کے ذرائع نے طالبان کے اس دعوے کی تصدیق کی۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے اتوار کی صبح جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ان کے جنگجوؤں نے قندوز اور سرپل پر مسلسل حملوں کے بعد کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور دونوں صوبائی دارالحکومتوں کے تمام سرکاری دفاتر ان کے قبضے میں ہیں۔

اس سے قبل قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن امرالدین ولی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں کے چپے چپے میں شدید لڑائی جاری ہے۔قندوز کے رہائشی عبدالعزیز نے بتایا تھا کہ طالبان شہر کے مرکزی سکوائر تک پہنچ چکے ہیں اور اس دوران ان پر فضائی بمباری ہو رہی ہے۔ ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔

گذشتہ روز صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر طالبان کے قبضے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی تھی جبکہ دو روز قبل طالبان نے جنوب مغربی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کیا تھا۔اگر طالبان قندوز پر قابض ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ اب تک ان کے قبضے میں آنے والے اہم ترین صوبائی دارالحکومت میں سے ایک ہو گا۔

ملک کے زیادہ تر دیہی علاقوں کا کنٹرول پہلے ہی افغان فورسز کے ہاتھ سے نکل کر طالبان کے پاس جا چکا ہے اور اس وقت افغان فورسز ملک کے شہروں کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔