افغانستان میں امریکی فضائی حملہ، 20 عام شہری جاں بحق، اسکول اور کلینک تباہ

افغانستان میں امریکی فضائی حملے اور طالبان سے جھڑپوں  کے نتیجے میں 20 عام شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ حملے کے نتیجے میں اسکول اور کلینک بھی تباہ ہوگیا۔

افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں سے صوبے ہلمند میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جبکہ امریکی فضائی حملے اور طالبان سے جھڑپوں کے نتیجے میں 20 عام  شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ، اس کے علاوہ علاقے میں ایک اسکول اور کلینک بھی تباہ ہوگیا۔

افغان سیکیورٹی فورسز کے مطابق لشکرگاہ کے ضلع 1 اور 2 کو طالبان سے خالی کرالیا گیا ہے جبکہ ضلع 2 نمبر اور 7 میں طالبان نے اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے تھے جہاں امریکی B-52 بمبار طیاروں نے فضائی حملہ کیا۔

دوسری جانب اسکول کے چوکیدار کا کہنا ہے کہ رات 10 بجے کے قریب فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسکول تباہ ہوگیا، اس کے علاوہ ہلمند میں رہائش پذیر افراد کے مطابق فضائی اور راکٹ حملوں میں صرف عام شہری مارے گئے جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔