افغانستان میں بگڑتی صورتحال پر سیاسی مفاہمت کیلیے دوحہ میں بڑی طاقتوں نے سر جوڑ لئے، افغان مذاکرت کا ایک اور دور شروع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق افغان مسئلہ کا پر امن حل تلاش کرنے کیلیے دوحہ میں رواں ہفتے مذاکرت کے دو دور ہوں گے۔ دوحہ مذاکرات کا بنیادی مقصد افغانستان میں قیام امن کیلیے تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات کی بحالی ہے۔
ذرائع کے مطابق دوحہ مذاکرات کے پہلے دور میں امریکا، اقوام متحدہ ،طالبان اور افغان قومی مصالحتی کمیشن کے نمائندے عبداللہ عبداللہ شریک ہیں۔ دوسرے دور میں روس، چین، پاکستان اور امریکا کے نمائندے شریک ہوں گے۔ پاکستان اس اجلاس میں اپنا موقف اور مفاہمت کے حوالے سے اپنی تجاویز شرکا کے سامنے رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قطرکے خصوصی نمائندہ ڈاکٹر مطلق القحطانی کی دعوت پر افغانستان سے متعلق پاکستان کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر محمد صادق افغانستان پر علاقائی کانفرنس میں شرکت کیلئے دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان خصوصی نمائندے کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹرائیکا پلس میکانزم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، جس میں پاکستان ، امریکا ، روس اور چین شامل ہیں۔ دوحہ میں ٹرائیکا پلس کا یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ پاکستان کو امید ہے کہ دوحہ میں ہونے والی ملاقاتیں اپنے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے سیاسی حل کے حصول کیلئے بین الافغان مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔