اشک آباد:ترکمانستان کی حکومت نے شہریوں کو انٹرنیٹ سروس کی گھروں میں فراہمی کے لیے غیر معمولی شرط عائد کردی۔
برطانوی میڈیارپورٹ کے مطابق ترکمانستان کے باشندوں کے لیے گھر پر انٹرنیٹ کی دستیابی کے لیے قرآن پاک کی قسم کھانا ضروری ہوگی کہ وہ گھر پر انٹرنیٹ کنکشن کے ذریعے بند کی گئی ویب سائٹس تک رسائی حاصل نہیں کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس انوکھے فیصلے کے تحت جو شخص اپنے گھر پر انٹرنیٹ کی دستیابی کاخواہش مند ہوگا اسے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانا ہو گی کہ وہ ممنوعہ ویب سائٹس کو دیکھنے کے لیے وی پی این (VPN ایپلی کیشن) کا استعمال نہیں کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکمانستان میں تنقیدی ویب سائٹس کو صدر کے حکم پر بلاک کیا گیا ہے اور اسی تناظر میں حکومت نے یہ غیر معمولی فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر ترکمانستان کے شہریوں کو ایک چوتھائی ویب سائٹ تک رسائی حاصل ہے لیکن ان میں بھی فیس بک اور ٹوئٹر سمیت کئی ویب سائٹس کو بین کیا گیا ہے جبکہ انٹرنیٹ صارفین کو ڈیجیٹل سکیورٹی انفارمیشن نیٹ ورک کے تحت مانیٹر کیا جاتا ہے