بھارت کا خلائی راکٹ 5منٹ میں ہی ٹُھس

بھارت کا خلائی مشن پر جانے والا  راکٹ  اُڑان بھرنے کے پانچ منٹ بعد گر کر تباہ ہوگیا۔

 جمعرات کو انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو)  کا کہنا تھا کہ  مشن کی ناکامی راکٹ کی کریو جینک اپر اسٹیج اگنیشن میں خرابی کی وجہ سے ہوئی۔

اسرو نے ٹوئٹ کرتے ہو ئے لکھا کہ ' طیارے کی پہلی اور دوسری اسٹیج نارمل تھی البتہ اس کی کریو جینک اپر اسٹیج اگنیشن میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مشن کامیاب نہیں ہوا۔‘

 سیٹلائٹ مشن میں شامل اسرو راکٹ F10/EOS-03 نے زمین کے مشاہدے کے لیے سیٹلائٹ کو بھارت کے مشرقی ساحل پر واقع خلائی مرکز سے جیو اسٹیشنری مدار میں ڈالنے کی کوشش کی۔

یہ مشن گزشتہ سال مارچ میں روانہ ہونا تھا لیکن پہلے تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی اس کے بعد  بھارت میں جاری کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا۔

 بھارت کا رواں سال فروری میں چھوٹے پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (PSLV) کی کامیاب پرواز کے بعد  یہ اس سال کا دوسرا خلائی  مشن  تھا۔

یاد رہے کہ بھارت کی  مسلسل 16 خلائی مشنز کی کامیابی کے بعد یہ پہلی ناکامی ہے۔