برطانیہ نے افغانستان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے فوجی دستہ بھجوا دیا۔
برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ مختصر وقت کے لئے 600 برطانوی فوجی افغانستان بھیجے جا رہے ہیں۔ جوافغانستان میں طالبان کی پیش قدمی کے بعد سیکیورٹی کے حوالے سے تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر بر طانوی شہریوں کو وہاں سے بحفاظت نکلنے میں مدد دیں گے۔
برطانوی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں ضرورت ہوئی یہ فوجی برطانیہ کے شہریوں کو تحفظ اور سازوسامان مہیا کریں گے۔ اور ان افغان شہریوں کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے میں بھی مدد دیں گے، جنہوں نے برطانوی فورسز کے لئے مترجم کے اور دیگر فرائض ادا کئے تھے۔
دوسری جانب امریکہ نے بھی افغانستان سے اپنے شہریوں کے بحفاظت انخلا کے لیے فوری طور پر فوجی دستے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ امریکہ اپنے تین ہزار اضافی فوجی افغانستان بھیج رہا ہے جو کابل میں امریکی سفارتی عملے کے انخلاء میں مدد دیں گے۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ یہ فوجی افغانستان میں پہلے سے موجود 650 فوجیوں سے جا ملیں گے۔
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی تیزی سے بگڑتی صورتِ حال کے پیشِ نظر امریکہ کابل میں اپنے سفارت خانے کے عملے میں کمی کر رہا ہے اور کچھ عملہ واپس بلا رہا ہے۔ تاہم سفارت خانہ اپنا کام کرتا رہے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ اور بین الاقوامی برادری طالبان کی جانب سے طاقت کے ذریعے اقتدار کے حصول کی کسی بھی کوشش کی کسی طور پر حمایت نہیں کرے گی۔