کابل: ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی افغانستان میں فوجی موجودگی اچھی نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ بھارت نے دوسروں کی افغانستان میں فوجی موجودگی کا حشر دیکھ لیا، امریکا اور نیٹو کا افغانستان میں حال بھارت کے لیے کھلی کتاب ہے۔
سہیل شاہین نے کہا کہ امریکا بے وقوف بھارت کو آگ میں جھونک کر خود بھاگ رہا ہے، بھارت خطے کا دادا بننے کے چکروں میں امریکا کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔
ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ بھارت کی افغانستان میں سرمایہ کاری پاکستان کے خلاف تھی، افغان سرزمین کے استعمال پر طالبان نے فتح کی کاری ضرب لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا افغانستان میں گھناؤنا کردار دن بہ دن کھلتا جارہا ہے، افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان کے 20 صوبائی دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل کرلیا۔
افغان میڈیا کا کہنا تھا کہ کابل طالبان کی پہنچ سے صرف 70 کلو میٹر دور رہ گیا ہے، طالبان نے اب تک افغانستان کے 34 میں سے 20 صوبائی دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
جن صوبوں پر طالبان نے قبضہ کیا ہے ان میں نمروز، جوزجان، سریل، تخار، قندوز، سمنگان، فراہ، بغلان، بدخشاں، غزنی، ہرات، بادغیس، قندھار، ہلمند، غور، اروزگان، زاہل، لوگر، پکتیکا اور کنڑ شامل ہیں۔