کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نےحکومت میں اکژیت حاصل کرنے کیلئے ملک میں قبل ازوقت الیکشن کروانے کا اعلان کردیا ہے۔
کینیڈا میں الیکشن دو سال بعد ہونے تھے مگر جسٹن ٹروڈو کے اعلان کے بعد اب اگلے ماہ 20 ستمبر کو الیکشن منعقد کیے جائیں گے۔
جسٹن ٹروڈو ، جن کی لبرل پارٹی نے 2015 میں اکثریت حاصل کی تھی لیکن 2019 کے الیکشن میں انہوں نے 157 نشستیں جیت کر اتحادی حکومت بنائی تھی ،اب وہ امید کررہے ہیں کہ وہ اس الیکشن میں اکثریت واپس حاصل کرلیں گے۔
واضح رہے کہ لبرل پارٹی کواکثریت حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ( ہاؤس آف کامنز) کی 338 میں سے 170 نشستوں کی ضرورت ہے۔
کینیڈین وزیر اعظم نے دارالحکومت اوٹاوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئےکہا کہ وہ گورنر جنرل میری سائمن کی رہائش گاہ پر گئےاور ان سے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا کہا جس پر سائمن نے ان کی درخواست قبول کرلی ہے جس کے بعدکینیڈامیں 20 ستمبر کو عام انتخابات ہوں گے۔
خیال رہےکہ کینیڈا کے پارلیمانی نظام کے تحت گورنرجنرل کو باضابطہ طور پر قبل از وقت الیکشن کروانے کیلئے کہا جاتا ہے ،پھروہ وزیر اعظم کے مشورے پر پارلیمنٹ کو تحلیل کرتا ہے،قبل ازوقت الیکشن میں جیتنے والا امیدوار اپنی 2 سالہ مدت پوری کرتا ہے ۔