کابل: کابل ایئرپورٹ پر کسی بھی صورت ملک چھوڑنے کے جنون میں مبتلا 2 نوجوان طیارے کے پہیوں سے چمٹ گئے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں طالبان کے داخل ہونے اور صدارتی محل پر قبضے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑنے کے لیے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر جمع ہوگئے۔
شہری اضطراب اور جنونی کیفیت میں ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے والے ہر طیارے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران 2 نوجوان ایک c-17 طیارے کے پہیوں یا سامان رکھنے والے خانے کے دروازے سے چمٹ گئے۔
طیارے نے زناٹے دار پرواز بھری اور دیکھتے ہی دیکھتے فضا میں بلند ہوگیا۔ اسی دوران دونوں نوجوان طیارے سے ایئرپورٹ کے قریب بنے گھر کی چھت پر گر کر ہلاک ہوگئے۔ حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارے سے گرنے والے نوجوانوں کی تعداد 2 نہیں 3 ہے تاہم اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
دریں اثنا ایئرپورٹ پر افراتفری اور ہجوم کے رن وے پر زبردستی گھسنے کی کوشش کے دوران امریکی فوج کی فائرنگ سے 5 شہری ہلاک ہوگئے۔