کابل: روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اشرف غنی افغانستان سے نکلتے نکلتے اپنے ہمراہ نقد رقم سے بھرا ہیلی کاپٹر اور 4 کاریں بھی نامعلوم مقام پر لے گئے۔
روسی میڈیا نے کابل میں روسی سفارت خانے کے ترجمان کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اشرف غنی افغانستان سے روانہ ہوتے ہوئے اپنے ساتھ بھاری مقدار میں کرنسی لے گئے جس کے لیے انھوں نے چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔
روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اشرف غنی کے پاس اتنی رقم تھی کہ چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر میں بھرنے کے بعد بھی کچھ رقم باقی رہ گئی جسے انھوں نے بادل نخواستہ چھوڑا۔
روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بات انھیں ایک عینی شاہد نے بتائی جس نے اشرف غنی کے ملازمین کو ہیلی کاپٹر اور کاروں میں رقم سے بھرے بریف کیس رکھتے ہوئے دیکھا تھا۔
واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی کابل میں طالبان کے داخل ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ تاجکستان چلے گئے ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔