ڈالروں کے ساتھ بھاگنےوالے نے اپنی ٹیم اور قوم کے ساتھ خیانت کی۔ طالبان رہنما کا خصوصی انٹرویو

طالبان رہنما مولوی عبدالحق حماد نے کہا ہے کہ طالبان ہی افغان وطن کے اصل مالک ہیں،جو کہ عام افغان عوام ہی ہیں جبکہ طالبان کیساتھ عوام کی حمایت نہ ہوتی تو صورتِ حال اتنے بہتر طریقے سے کنٹرول نہ ہوتی۔

افغان میڈیا کو انٹرویو میں طالبان رہنما مولوی عبدالحق حماد نے کہا کہ پہلے چور حاکم تھے اب وطن کے اصل مالک آ گئے ہیں،تمام صوبوں کے سقوط میں 50 سے زائد افراد نہیں مارے گئے، عوام کی حمایت نہ ہوتی تو صورتِ حال اتنے بہتر طریقے سے کنٹرول نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ فساد افغانستان کے سربراہ نے شروع کیا جو 4 گاڑیوں میں ڈالر بھر کر بھاگا، طے ہوا تھا کہ اشرف غنی ٹیم کے ہمراہ اختیارات طالبان قیادت کے حوالے کریں گے۔

مولوی عبدالحق کا کہنا ہے کہ طے یہ پایا تھا کہ اشرف غنی کا استعفیٰ قطر جاتا اور وہاں منظور کیا جاتا جس کے بعد نئے نظام پر اتفاق ہوتا، بہتر طریقے سے طالبان قیادت کو افغانستان میں آنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عملی طور پر اشرف غنی نے اپنی ٹیم اور قوم کے ساتھ خیانت کی، طالبان آج تمام افغانستان پر حاکم ہیں، متفقہ نظام کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

مولوی عبدالحق حماد کا یہ بھی کہنا ہے کہ 20 سال میں پہلی بار 2 راتوں میں کسی افغان کو قتل نہیں کیا گیا، 40 سال سے زیادہ تکلیف کسی قوم پر نہیں آئی اور افغانستان کے 40 سال ہو چکے ہیں۔