افغانستان کی موجودہ صورتحال، ملالہ کا عالمی رہنماؤں سے بڑا مطالبہ

لندن: امن کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں پیدا ہونے والی صورت حال پر فوری کارروائی کریں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے نوبل انعام برائے امن حاصل کرنے والی 23 سالہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ پر گہری تشویش میں مبتلا ہوں۔

ملالہ یوسف زئی نے عالمی رہنماؤں سے افغانستان پر فوری کارروائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے، بالخصوص افغان عوام کی حفاظت کے لیے امریکی صدر کو جرات مندانہ قدم اٹھانا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو درحقیقت ایک فوری انسانی بحران درپیش ہے جس کے لیے ہمیں مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے، تاہم انھوں نے کئی عالمی رہنماؤں سے رابطہ کرنے کی کوششوں کا بھی زکر کیا۔

ملالہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایک خط بھیجا تھا جس میں افغان مہاجرین کی پاکستان میں آبادکاری، تمام پناہ گزین بچوں تک تعلیم تک رسائی اور ان زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملالہ یوسف زئی نے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے فون پر گفتگو کی تھی جس کے دوران وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان افغانستان میں خواتین کی تعلیم کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔