دوشبنے: کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد فرار ہونے والے اشرف غنی، حمد اللہ محب اور فضل محمد فضلی پر تاجک زمین تنگ ہونے لگی، افغان سفارت خانے نے بڑا قدم اٹھالیا۔
بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے، چند روز قبل سابق افغان صدر اشرف غنی کی ہدایت پر عمل کرنے والا افغان سفارت خانہ آج ان کو گرفتار کرنے کے لئے انٹر پول سے مدد طلب کررہا ہے۔
افغان سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تاجکستان میں افغان سفارتخانے نے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے اور اشرف غنی، حمد اللہ محب، فضل محمد فضلی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تاجکستان میں افغان سفارتخانےکامؤقف ہے کہ افغانستان سے فرار ہونے والے تینوں رہنماوں پر عوامی فنڈز کی چوری کا الزام ہے، لہذا تینوں کو گرفتار کرکے عالمی ٹریبونل کے حوالے کیا جائے۔
واضح رہے کہ طالبان کے کابل میں داخل ہوتے ہی ملک سے فرار ہونے والے اشرف غنی ہیلی کاپٹر بھر کر کاریں اور رقم ساتھ لے گئے تھے، خبر ایجنسی کے مطابق یہ بات کابل میں روسی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہی۔
سفارتخانے کا کہنا تھا کہ اشرف غنی نے فرار ہوتے ہوئے اتنی کیش رقم ہیلی کاپٹر میں بھری کہ جگہ کم پڑ گئی اور انہیں بقیہ دولت چھوڑنی پڑی۔
سفارتخانے کا کہنا تھا کہ اشرف غنی پیسوں سےبھرے ہیلی کاپٹر میں بھاگے ان کی چار کاریں نوٹوں سےبھری ہوئی تھیں، اشرف غنی نےنوٹوں سےبھرابیگ لےجانےکی کوشش کی لیکن مزید گنجائش نہ ہونے کہ وجہ سے وہ کامیاب نہ ہو سکے۔