افغانستان صورتحال؛ احمد شاہ مسعود کے بھائی کا اہم بیان سامنے آگیا

مرحوم افغان کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بھائی اور برطانیہ میں افغانستان کے سابق سفیر احمد ولی مسعود کا کہنا ہے کہ امریکا نے افغانستان میں سیاسی اور عسکری قیادت کا غلط انتخاب کیا جس کی وجہ سے ملک میں سب کچھ ٹوٹ پھوٹ گیا۔

روسی میڈیا کو انٹرویو میں احمد ولی مسعود نے کہا کہ اشرف غنی کو امریکا نے مسلط کیا، اس لیے موجودہ افراتفری کا الزام بھی امریکا کو ہی جاتا ہے۔

احمد ولی مسعود کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام لانے کے لیے پاکستان انتہائی اہم اور مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، ہم اسی لیے پاکستان میں ہیں تاکہ افغانستان میں قیامِ امن کے طریقے تلاش کیے جا سکیں۔

دوسری جانب احمد شاہ مسعود کے بیٹے اور طالبان مخالف مزاحمتی کمانڈر احمد مسعود نے طالبان کے خلاف جنگ کے لیے امریکا سے مدد مانگی ہے۔

احمد مسعود کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس طالبان کا مقابلہ کرنے کے لیے مؤثر قوت موجود ہے لیکن ان کی ملیشیا کو امریکا کی جانب سے اسلحہ اور بارود فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔