آخری امریکی شہری کی روانگی تک ہماری افواج افغانستان میں رہیں گی۔ جوبائیڈن

عالمی خبر رساں ادارے نے امریکی سیکرٹری ڈیفنس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ  افغانستان میں اب بھی 5 ہزار 800 امریکی فوجی تعینات ہیں۔ یہ اہلکار کابل میں حامد کرزئی ایئرپورٹ سے امریکی فوجیوں کی مدد کرنے والے افغان شہریوں کی امریکا بحفاظت روانگی کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔

اسی طرح کابل کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر برطانیہ کے بھی 900 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جو جنگ کے دوران برطانوی فوج کے لیے مترجم اور معاونت کے فرائض انجام دینے والے افغان شہریوں کی برطانیہ روانگی کی نگرانی کریں گے۔

دوسری جانب  امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے فیصلے پر ہمارے اتحادیوں نے امریکا کی ساکھ پر کوئی سوال نہیں اٹھایا، کابل ایئرپورٹ کو مکمل طور پر خالی کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، آخری امریکی شہری کی روانگی تک امریکی افواج افغانستان میں رہیں گی۔

بائیڈن نے مزید کہا کہ میں وعدہ نہیں کرسکتا کہ ان سب اقدامات کا کیا نتیجہ سامنے آئے گا؟ اور اس میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوگا کہ نہیں، مگر امریکا کے کمانڈر انچیف کی حیثیت سے وعدہ کرتا ہوں کہ امریکی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام ناگزیر وسائل استعمال کروں گا۔