افغان طالبان کا اشرف غنی، امراللہ صالح کیلئے بھی عام معافی کا اعلان 

افغان طالبان نے سابق صدر اشرف غنی، نائب صدر امراللہ صالح کیلئے بھی عام معافی کا اعلان کردیا ہے 


پاکستان کے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے  ہوئے طالبان رہنما خلیل الرحمان حقانی کا کہنا تھا کہ امریکا سے دشمنی میں ہم نے پہل نہیں کی تھی اور اب بھی نہیں کر رہے، امریکا نے ہمارے مذہب اور ملک سے زیادتی کی تو مجبور ہو کر بندوق اٹھائی۔

اشرف غنی، جرنیل اور سابقہ حکومتی عہدیداروں سمیت جو بھی افغانستان آنا چاہے آسکتا ہے، کسی سے بھی انتقام نہیں لیا جائے گا، تاجک، بلوچ، ہزارہ، پشتون اور ہم سب بھائی ہیں۔

خلیل الرحمان حقانی نے کہا کہ ہماری دشمنی کی وجہ نظام کی تبدیلی تھا اور اب نظام تبدیل ہو چکا ہے، اب اشرف غنی، امراللہ صالح اور حمد اللہ محب سمیت سب کے لیے عام معافی ہے۔

طالبان رہنما نے افغانستان چھوڑ کر جانے والوں کو پیغام دیا کہ باہر نہ جائیں، یہیں رہ کر اپنے ملک کی خدمت کریں، دشمن آپ کو ڈراتے ہیں کہ امارات اسلامی آپ کو سزائیں دیں گے، اسلام امن کا دین ہے، یہاں سب کو برابر حقوق ملیں گے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔

انٹرویو میں خلیل الرحمان حقانی کا کہنا تھا کہ افغانستان کا ایک منظم نظام بنے گا جس میں تمام اقوام، ساری تنظیمیں اور اہل تعلیم یافتہ لوگ شامل ہوں گے، قوم کو متحد کرنے والوں کو حکومت میں شامل کیا جائے گا۔

خلیل الرحمان حقانی کا کہنا تھا کہ تمام ممالک اور مسلمان ملکوں کے لیے پیغام ہے اپنے لوگوں کو حقوق دیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، جن لوگوں کے جو حقوق بنتے ہیں وہ انہیں فراہم کریں۔