ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات 25 ہزار سے متجاوز

مہلک کورونا وائرس سے ملک بھر میں مزید 80 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 3 ہزار 772 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 ہزار 881 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3 ہزار 772 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد رہی۔ ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 89 ہزار 919 ہے ،جن میں سے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 80 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار 3 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 27 ہزار 584 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 12 ہزار 662 ہوگئی ہے۔