سعودیہ جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم اور اچھی خبر۔۔

 سعودی عرب نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والےغیر ملکیوں کو سعودیہ واپس آنے کی اجازت دے دی ہے۔

عٰرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی ختم کرتے ہوئے مکمل ویکسین لگوانے والے تارکین وطن کو سعودی عرب میں براہِ راست داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

نئے حکم نامے کے بعد پاکستان سمیت سفری پابندی کا شکار دیگر ممالک کے ایسے شہری جو سعودی عرب میں برسرروزگار ہیں یا ان کے پاس سعودیہ کا  رہائشی اجازت نامہ'اقامہ' موجود ہے وہ واپس سعودی عرب جاسکتے ہیں بشرطیکہ انہوں نے سعودی حکومت کی منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگارکھی ہوں۔

ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے ویکسین لگوانے والے شہریوں کو پاکستان سے سعودی عرب کے براہ راست سفر کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کے جاری بیان میں سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے ہزاروں پاکستانی تارکینِ وطن کو فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے رواں برس فروری میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے تحت پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، مصر، ترکی، سمیت 20 ممالک کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی تھی۔جس کی وجہ سے پابندیوں کے شکار ان ممالک کے وہ شہری جو سعودی اقامہ رکھتے تھے انہیں  سفری پابندی سے مستثنیٰ کسی دوسرے ملک میں 14 روز گزارنے پڑ رہے تھے تاہم اب وہ ویکسین لگوا کر براہ راست سعودی عرب جاسکتے ہیں۔