افغانستان سے غیرملکی افواج کے 31 اگست تک انخلا کو مکمل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور سینکڑوں امریکی فوجیوں کا پہلا دستہ بھی کابل سے روانہ ہوگیا ہے۔
کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد حامد کرزئی ائیرپورٹ کی سکیورٹی کیلئے ہزاروں امریکی فوجی افغان دارالحکومت پہنچے تھے۔
طالبان کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اور برطانیہ اپنا انخلا مکمل کریں اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
اب غیرملکی افواج نے انخلا تیز کردیا ہے اور سیکڑوں امریکی فوجیوں کا پہلا دستہ بھی کابل سے روانہ ہوگیا۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے بھی امریکی فوجیوں کی روانگی کی تصدیق کی اور کہا کہ فوجی دستے کے جانے سے افغانستان میں امریکی مشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
دوسری جانب برطانوی وزیرخارجہ کا کہناہے کہ افغانستان سےتقریباً تمام برطانوی شہریت رکھنے والے افراد کا انخلا ہوچکاہے اور طالبان کے کنٹرول کے بعد سے اب تک 9 ہزار سے زائد افراد کو برطانیہ پہنچایاگیا۔