طالبان کی کابل ائیر پورٹ کو فعال رکھنے کیلئے ترکی سے مدد کی اپیل

افغان طالبان نے کابل ائیر پورٹ کو فعال رکھنے کے لیے ترکی سے تعاون مانگ لیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کو چلانے کے لیے ترکی سے مدد کی درخواست سے متعلق تصدیق نہیں کی تاہم ترکی کے 2 اعلیٰ حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔

افغان طالبان کی تعاون کی اپیل سے متعلق ایک اور ترک افسر نے کہا ہے کہ افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کی ڈیڈ لائن 31 اگست تک ہے ، اس کے بعد ہی صورت حال کو طالبان کی درخواست کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایک ہزار 400 ترک فوجی کابل ائیر پورٹ کے تحفظ اور نظم و ضبط پر مامور ہیں۔

دوسری جانب کابل ایئرپورٹ پر اب بھی 5400 امریکی فوجی تعینات ہیں،جبکہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کا انخلا جاری ہے۔

 امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ طالبان نے ڈیڈ لائن کو بڑھانے کی مخالفت کی ہے تاہم انہوں نے وعدہ کے مطابق غیرملکیوں اورافغان شہریوں کو31 اگست کے بعد بھی ملک چھوڑنے کی اجازت دی ہے۔ تاہم مغربی ممالک 31 اگست کی ڈیڈ لائن تک زیادہ سے زیادہ لوگوں کو نکالنا چاہتے ہیں۔