قطر کو جدید ترین امریکی جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ موصول

جدید ترین امریکی ساختہ ایف کیو اے 15 جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ قطر  پہنچ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میزوری میں طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ کے ہیڈ کوارٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیر  برائے دفاعی امور خالد بن محمد نے کہا کہ قطر دفاعی مقاصد کے لیے اِن طیاروں کی خریداری کر رہا ہے جو  ماضی میں خریدے گئے جہازوں کے مقابلے میں زیادہ جدید ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فضائیہ کے کمانڈر جنرل کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ امریکا کا تعلق علاقے کے امن اور سلامتی کے لیے اہم ہے، ہم اپنے شراکت داروں کے مشکور ہیں جنہوں نے باہمی تعاون اور مشترکہ تیاری پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایف کیو اے 15 کا شمار جارحانہ اور  دفاعی مشن کے دوران تیز  رفتاری کے لحاظ سے بہترین طیاروں میں ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ بوئنگ کمپنی  قطر کو طیاروں کی ترسیل سے قبل پائلٹس کو ٹریننگ کے دوران لاجسٹک اور  مینٹیننس سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔