کورونا سے مزید 95 اموات، 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

مہلک کورونا وائرس سے ملک بھر میں مزید 95 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 4 ہزار 16 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 496  کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 4 ہزار 16 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.42 فیصد رہی۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 95 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار 415 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 44 ہزار 341 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 26 ہزار 082 ہوگئی ہے۔