طالبان نے 9/11 کے 20 سال بعد اسامہ متعلق کیا کہا؟

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکا کی افغانستان میں فوج کشی بلاجواز تھی اور آج 20 سال بعد بھی اسامہ بن لادن کے نائن الیون حملے میں ملوث ہونے کو ثابت نہیں کیا جا سکا۔

امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کو انٹرویو میں ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان پر فوج کشی کا کوئی جواز نہیں تھا۔ اسامہ بن لادن کی نائن الیون حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا لیکن نہ تو اُس وقت اور نہ ہی آج 20 سال بعد بھی اس الزام کو درست ثابت کیا جا سکا ہے۔ امریکا اسامہ بن لادن کے نائن الیون میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا ہے۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر 2011 کو 4 طیاروں کو ہائی جیک کرکے نیویارک کی معروف 100 منزلہ تجارتی بلڈنگ ورلڈ ٹریڈ بلڈنگ سے ٹکرادیئے گئے تھے جس میں 3 ہزار افراد ہلاک اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کا ذمہ دار اسامہ بن لادن کو ٹھہرا کر امریکا نے افغانستان پر فوج کشی کردی تھی۔