افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ؛کابل دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک کرنے کا دعویٰ

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ کابل ہوائی اڈے پر خودکش حملے میں ملوث داعش کا ایک منصوبہ ساز امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ کابل ہوائی اڈے پر خودکش حملے کے ذمہ دار داعش(خراسان) سے انتقام لینے کے امریکی صدر جو بائیڈن کے عزم پر 48 گھنٹے کے اندر عمل درآمد کرتے ہوئے امریکی فوج نے ہفتے کے روز ڈرون حملہ کرکے حملے کے 'منصوبہ ساز‘ کو ہلا ک

کردیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کیپٹن بل اربن نے ایک بیان میں کہا،” ڈرون حملہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں کیا گیا اور ابتدائی اشارے ہیں کہ ہم نے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔" انہوں نے مزید کہا،'' ہم جانتے ہیں کہ اس حملے میں کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا ہے۔"

واضح رہے کہ داعش نے جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس حملے میں 13 امریکی اہلکاروں سمیت 175 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔