وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان واحد ملک نہیں جہاں مہنگائی ہے،دنیا بھر میں اس وقت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد نے میڈیا سے گفتگوکے دوران مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے، اور اس سے عام آدمی کو پریشانی کا سامنا رہا ہے تاہم مہنگائی صرف یہاں نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں اس وقت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں ہے اور حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
رزاق داؤد کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتِ حال کے باوجود تجارت میں کمی نہیں آئی۔
دنیا کے متعدد ممالک کے مطابق پاکستانی مصنوعات کا معیار بہتر ہے، یورپ کے بہت سے ممالک کا کہنا ہے کہ پاکستان ابھی آگے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے ہمیں مزید محنت کرنا ہو گی، کوشش کررہے ہیں کہ سپلائی چین بہتر ہو جائے۔
مشیر تجارت نے کہا کہ جوتے کی صنعت کے فروغ کے لیے کامرس منسٹری مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر جوتے کی مینو فیکچرنگ بڑھا رہے ہیں، جوتے کی صنعت پر گزشتہ 10 سال میں کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
عبدالرزاق داؤد نے مزید کہا کہ محکمہ تجارت کے ذریعے فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔