کابل ائرپورٹ کے قریب مکان پر راکٹ حملہ، 2افراد جاں بحق، 3زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامدکرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب ایک راکٹ حملے میں 2 افراد جاں بحق  اور 3 زخمی ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کابل ایئرپورٹ کےعلاقےمیں راکٹ حملہ ہوا جس میں ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے مقام سے دھواں اٹھتا نظر آرہا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز بھی گردش کررہی ہیں تاہم ان کی مصدقہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

عرب میڈیا کے مطابق حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل بھی کابل ائیرپورٹ دھماکوں سے گونج اٹھا تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں اور 2 برطانوی شہریوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ان دھماکوں سے دو روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے حملے کا الرٹ جاری کیا تھا۔

گذشتہ روز بھی امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ایک بار پھر کابل ائیرپورٹ پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھاکہ کابل ائیرپورٹ پر 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران نئے حملے کا خدشہ ہے۔