افغان طالبان کا داعش کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان 

کابل:  افغان طالبان نے افغانستان میں داعش کے حملوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کا اعلان کر دیا-

 طالبان کا کہنا ہے کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں داعش کے حملے بند ہو جائیں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم افغانستان میں داعش کے حملوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گی اور غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد توقع ہے کہ یہ حملے ختم ہوجائیں گے۔

 ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ’ہم اْ مید کرتے ہیں کہ وہ افغان باشندے جو داعش سے متاثر ہیں، غیر ملکیوں کے انخلا کے بعد اسلامی حکومت کا قیام دیکھ کر اپنی کارروائیاں ترک کردیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہ جنگ کی صورت حال پیدا کرتے ہیں اور اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہیں تو ہم ان سے اسی حساب سے نمٹیں گے۔

 خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کابل ائیر پورٹ پر یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 13 امریکی فوجیوں اور 2 برطانوی شہریوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ آج بھی کابل ائیر پورٹ پر راکٹ داغے گئے جنہیں وہاں نصب میزائل ڈیفنس سسٹم نے ناکارہ بنادیا۔اس حملے کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی ہے۔