امریکی افواج نے کابل ایئرپورٹ خالی کردیا،افغانستان سے انخلا مکمل

 امریکی افواج کی جانب سے کابل ایئرپورٹ خالی کرنے کے ساتھ ہی افغانستان سے امریکی انخلا مکمل ہوگیا،جس کی پنٹاگون نے  بھی تصدیق کردی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکا نے طالبان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد کرتے ہوئے پیر اور منگل کی درمیانی شب کابل ایئرپورٹ بھی خالی کردیا، اور یوں بیس برس بعد ہی افغانستان سے تمام امریکی و اتحادی افواج کا انخلا مکمل ہوگیا۔

پیر کے روز امریکی افواج کے مرکزی کمانڈر، جنرل کینتھ مک کینزی نے کہا کہ ایک جانب تو افغانستان سے امریکی افواج کا مکمل انخلا ہوچکا ہے اور دوم تمام امریکی شہریوں کو بھی وطن واپس لایا جارہا ہے۔

جنرل کینتھ کے مطابق آخری طیارہ رات ڈیڑھ بجے  پرواز کرگیا اور پاکستانی وقت کے مطابق یہ رات کے ساڑھے بارہ بجے کا وقت تھا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایئرپورٹ خالی ہونے کے بعد طالبان کے مکمل زیر انتظام آچکا ہے اور اس خوشی میں طالبان نے ایئرپورٹ پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔

واضح رہے کہ 20 برس قبل 9/11 واقعے کو جواز بنا کرامریکہ نے القاعدہ اور اسامہ بن لادن کی تلاش میں افغانستان پر حملہ کیا تھا۔ دوسری جانب طالبان کا مؤقف تھا کہ وہ پہلے اسامہ بن لادن اور طالبان کے خلاف سانحہ 11 ستمبر میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرے۔تاہم امریکی اور اتحادیوں نے اس وقت طالبان کی ایک نہ سنی اور ایک نہ ختم ہونے والے جنگ میں کود گئے، تاہم افغان طالبان نے بھی گوریلا طرز کی جنگ پر اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 20 برس سے امریکی اور اتحادی افواج افغانستان میں موجود تھیں اور پورے مشن میں دوہزار امریکی فوجی جبکہ لاتعداد افغان طالبان اور لاکھوں عام بے گناہ شہری بھی مارے گئے۔ اس پورے مشن پر دو ٹریلیئن ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔