گزشتہ روز امریکی افواج نے 20 سال بعد افغانستان سے انخلا مکمل کیا، کابل ائیرپورٹ سے آخری امریکی طیارہ فوجیوں کو لیکر امریکا کے لیے روانہ ہوگیا جس کے بعد کابل ائیرپورٹ کا کنٹرول بھی طالبان نے سنبھال لیا ہے تاہم جانے سے قبل امریکی فوج نے فوجی طیاروں، گاڑیوں اور دیگر فوجی سازوسامان کو مکمل ناکارہ بنادیا۔
امریکی کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی کے مطابق کابل چھوڑنے سے پہلے امریکی افواج نے تقریبا 73 کے قریب طیارے اور 70 مسلح گاڑیوں کو ناکارہ بنادیا ہے جس کے بعد اب ان طیاروں کو اب نہ کبھی اڑایا جاسکے گا اور نہ ہی ان گاڑیوں کو کبھی استعمال کیا جاسکتا۔
امریکی کمانڈر کا کہنا تھا کہ کابل ائیرپورٹ پر موجود راکٹ حملوں سے بچنے کے لیے موجود دفاعی نظام کو بھی مکمل ناکارہ کردیا گیا ہے، اس نظام کو ختم کرنے میں وقت درکار تھا لہذا اس کو ناکارہ کردیا گیا ہے تاکہ کوئی استعمال نہ کرسکے۔