شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں جرمن وزیرخارجہ ہاییکو ماس کا کہنا تھا کہ پاک جرمن تعلقات کی سترہویں سالگرہ اورافغانستان کی صورتحال پر ہم یہاں موجود ہیں، ہم نے انخلاء کے حوالے سے گذشتہ دنوں میں بہت سی عالمی کوشیشں دیکھی ہیں، پاکستان نے اس حوالے سے اپنا کردار ادا کیا ہے جس کے لیے ہم شکرگزار ہیں۔
جرمن وزیرخارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ہونے کے ناطے سب سے زیادہ اثرات دیکھ رہا ہے، ہم نے افغانستان کے حوالے سے 500 ملین کا وعدہ کیا ہے۔
جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ گذشتہ ہفتے سے اب تک ہم پاکستان سےجرمن شہریوں کے انخلاء پر رابطہ میں ہیں۔ ہمیں علم ہے کہ اس وقت بھی افغانستان میں جرمن شہری موجود ہیں، ہم ان کے انخلاء کے لیے پاکستان سے رابطہ جاری رکھیں گے۔
جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ چند روزمیں طالبان اپنی حکومت کا اعلان کریں گے،لہذا طالبان کی جانب سے کیے گئے وعدوں کا آنے والے دنوں میں علم ہوگا ۔