حوثی باغیوں کا سعودی ائر پورٹ پر ڈرون حملہ

ریاض: سعودی عرب کے ابھا ائرپورٹ پر حوثی باغیوں نے ڈرون سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 8افراد زخمی ہوگئے۔

العربیہ نیوز کے مطابق ابھا ائرپورٹ پر بارود سے بھرے ڈرون سے حملہ کیا گیا، حملے میں 8افراد زخمی ہوگئے اور طیارے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ڈرون حملے کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی ہے۔

دوسری جانب اتحادی افواج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ڈرون کو دفاعی فضائی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیا تاہم ڈرون کے پرزے اور بارودی مواد لگنے سے کچھ لوگ زخمی ہوئے۔

ادھر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ائرپورٹ پر کم از کم دو ڈرونز سے حملہ کیا گیا تھا جس میں طیارے کو بھی نقصان پہنچا اور مسافر بھی زخمی حالت میں نظر آرہے ہیں۔