افغانستان سے انخلا نہیں کرتے تو امریکہ بہت نقصان اٹھاتا۔ جوبائیڈن کا قوم سے خطاب

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا کا فیصلہ میرا اپنا تھا جس کی تمام تر ذمہ داری قبول کرتا ہوں، تاہم ڈیڈ لائن پر عمل نہ کرتے تو طالبان کو امریکیوں پر حملے کا حق مل جاتا۔

جوبائیڈن نے امریکی قوم سے خطاب سے خطاب میں کہا کہ افغانستان سے انخلا کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ تھا، یہ فیصلہ میرا تھا کیوں کہ طالبان آرہے تھے اور ہمیں جنگ بڑھانے یا وہاں سے نکل جانے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا تھا، بیس برس تک افغانستان میں روزانہ 20 کروڑ ڈالر خرچ ہوتے رہے، روس اور چین چاہتے ہیں امریکا افغانستان میں الجھا رہے لیکن ہم نے افغانستان سے نکل کر امریکا کے مفاد میں فیصلہ کیا۔

امریکی صدرجوبائیڈن نے افغانستان سے عجلت میں انخلا کے فیصلے کا دفاع کیا اور کہا کہ ہم نے 31 اگست کو افغانستان سے انخلا کا معاہدہ کیا تھا اگر ہم دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد نہ کرتے تو یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی اور طالبان کو حق حاصل ہوجاتا کہ وہ امریکیوں پر حملے کرتے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اس فیصلے کی فوجی اور سول قیادت نے بھرپور تائید کی ہے اور میں اس فیصلے کی تمام تر ذمہ دار قبول کرتا ہوں، افغان جنگ دو دہائیوں تک جاری رہی، جو لوگ تیسری دہائی میں بھی افغان جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ کہوں گا کہ یہ اب ممکن نہ تھا کیوں کہ اب افغانستان سے ہماری سرزمین پر حملے کا کوئی امکان نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا اولین فرض ہے کہ امریکا کا دفاع کیا جائے اور اب امریکا کو 11 ستمبر جیسے خطرے کا سامنا نہیں ہے، ہم نے افغانستان میں داعش کی کمر توڑ دی، ہماری ہزاروں افواج اور اربوں ڈالر خرچ ہوئے ہیں، داعش خراسان کے خلاف ہماری جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، دہشت گردی دیگر ممالک تک پھیل رہی ہے ہمیں اب اس کا مقابلہ بھی کرنا ہوگا، تاہم میں اپنے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اب افغان جنگ ختم ہوچکی ہے اور میں نے اس جنگ کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، 20 سالہ طویل جنگ کے بعد میں نے اگلی نسل کو افغان جنگ میں جھونکنے کا انکار کردیا تھا اور اب میں نے اس پر عمل کر دکھایا ہے، امریکا کو اب افغان سرزمین سے کوئی خطرہ نہیں۔

جوبائیڈن ںے کہا کہ میں نے انخلا کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھ ہزار فوجی کابل ایئرپورٹ بھیجے جنھوں نے امریکی، غیرملکی سفارت کاروں اور افغان باشندوں کے باحفاظت انخلا کا چیلنج مکمل کیا، میں کامیاب انخلا پر سفارت کاروں اور فوجیوں کا شکر گزار ہوں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ہم نے ایک لاکھ افغانوں کو پروازوں کے ذریعے افغانستان سے نکالا جو تاریخ میں پہلی مرتبہ ممکن ہوا ہے، یہ بہت مشکل اور خطرناک مشن تھا لیکن ہم نے اسے مکمل کیا۔جوبائیڈن نے کہا کہ ہم 90 فیصد امریکی شہریوں کو افغانستان سے نکال چکے ہیں، مجھے یقین ہے کہ افغانستان میں اب بھی سو سے 200 امریکی شہری موجود ہیں جو افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیں ہم ان کی مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو امریکا پر حملہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کے اتحادیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں وہ سن لیں کہ ہم آرام سے نہیں بیٹھے ہوئے، ہم زمین کے آخری کنارے تک ان کا مقابلہ کریں گے

طالبان کی حکومت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کے الفاظ پر یقین نہیں کریں گے ہم ان کے عمل کو دیکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ سابق افغان صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوجائے گا۔اس موقع پر انہوں نے افریقا میں شدت پسند تنظیم الشباب اور دیگر ممالک میں داعش کا بھی ذکر کیا کہ ان سے امریکا کو بچایا جائے گا۔