طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے افغان شہریوں کے انخلا سے متعلق سوال پر بھارتی ٹی وی اینکر کو کرارا جواب دے دیا۔
بھارتی ٹی وی چینل ‘ٹی وی 9’ کے اینکر نے سہیل شاہین سے سوال کیا کہ آپ نے عام معافی کا بھی اعلان کیا ہے اور اس کے باوجود لوگ افغانستان کیوں چھوڑ رہے ہیں؟
اس پر سہیل شاہین نے جواب دیا کہ ‘اگرامریکا ابھی بھارت میں اعلان کرے کہ جو لوگ مغربی ممالک جانا چاہتے ہیں تو وہ دہلی ائیرپورٹ کل آجائیں تو دو گھنٹوں میں لاکھوں لوگ ائیرپورٹ پر جمع ہوجائیں گے تو اس کا یہ مطلب ہے کہ سب آپ کی حکومت سے خوفزدہ ہیں؟’
اس سوال پر جواب کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے دوران ہزاروں افغان شہری بھی کابل ائیرپورٹ پہنچے تھے جنہیں امریکا اور دیگر ممالک منتقل کیا گیا جبکہ اس دوران داعش کے حملے میں بھی 150 سے زائد افغان شہری ہلاک ہوئے۔
امریکا نے بھی ایک لاکھ سے زائد افغان شہریوں کے کابل سے انخلا کی تصدیق کی ہے۔