بھارتی فورسز کی سیدعلی گیلانی کا جسد خاکی بھی چھیننے کی کوشش، ویڈیو وائرل

 اسلام آ باد: پاکستان نے جموں و کشمیر پر قابض بھارتی فورسز کی جانب سے تحریک آزادیِ کشمیر کے سینئر رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو چھینے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان قابض بھارتی فورسز کی جانب سے سید علی گیلانی کے اہل خانہ سے سینئر حریت رہنما کے جسد خاکی کو چھینے جانے کے سفاکانہ عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

 دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی ابتر صورت حال کا ناصرف نوٹس لینا چاہیے بلکہ بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ٹھہرانا چاہیے۔ 

خیال رہے کہ تحریک آزادیِ کشمیر کے سینئر رہنما سید علی گیلانی طویل علالت کے بعد گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے تھے اور ان کے اہل خانہ وصیت کے مطابق سید علی گیلانی کو مزار شہدا قبرستان سری نگر میں دفن کرنا چاہتے تھے لیکن بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی کے اہل خانہ سے حریت رہنما کا جسد خاکی چھین کر انتہائی سخت سکیورٹی میں نامعلوم مقام پر ان کی تدفین کر دی۔

واضح رہے کہ جسد خاکی چھیننے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا وائرل ہوگئی ہے جس پر دنیا بھر میں بھارتی ظلم پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے اور بھارت کے اس انسانیت سوز عمل کی مذمت کی جارہی ہے۔