اسلام آباد: ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین ان کی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسلام آباد میں منعقد کردہ افغان یوتھ فورم کی عالمی کانفرنس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں قیام امن اور تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان افغان عوام کے لیے پاکستان کی دیرینہ شراکت کو سراہتا ہے اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی افغان قوم کی مدد اور قیام امن کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
اس موقع پر ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے سلسلے کو جاری رکھے گا۔ پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین سے اس کی سلامتی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سی پیک کو افغانستان سے منسلک کرکے اہم تجارتی مقاصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ سی پیک کے توسیعی منصوبے کا خیرمقدم کریں گے۔