نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ 20جنوری کو دوسری مدت صدارت کا حلف اٹھا ئیں گے، تقریب حلف برداری یو ایس کیپیوٹل کی سیڑھیوں پر ہوگی۔جہاں ٹرمپ باضابطہ طور پر کانگریس کے ارکان، سپریم کورٹ، ان کی آنے والی انتظامیہ اور ہزاروں شرکاء کے سامنے حلف اٹھائیں گے۔
تقریب کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہےہیں، 48 کلومیٹر طویل سیاہ حفاظتی باڑ کے ساتھ 25 ہزار پولیس افسران تعینات اور سکیورٹی چوکیا ں قائم کی جارہی ہیں۔
وائٹ ہاؤس سے کیپیوٹل تک 3 کلو میٹر تک کا علاقہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
صدر جو بائیڈن نے تصدیق کی ہے کہ وہ "یقیناً" ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی تقریب میں شرکت کریں گے۔
یادرہےٹرمپ نے 20 جنوری 2021 کو 46 ویں امریکی صدر کے طور پر بائیڈن کی حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔ وہ 150 سالوں میں پہلے صدر تھے جنہوں نے امریکا میں اقتدار کی پرامن منتقلی کی روایت کو توڑ ۔
ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے بڑی عالمی طاقتوں اور امریکا کے اہم اتحادیوں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے لیے فنڈ ریزنگ نے ریکارڈ 17 کروڑ ڈالر جمع کیے گئے ہیں۔جس میں بڑے کاروباریوں، ٹیک ایگزیکٹوز اور عطیہ دہندگان نے دل کھول کر تعاون کیا ہے ۔ جگہ کی قلت کے باعث لاکھوں ڈالر عطیات دینے والوں کو بھی ایک وی آئی پی ٹکٹ نہیں مل پارہی۔
ٹرمپ کی حلف برداری کے لیے کیپیوٹل آمدکےموقع پر گرین ووڈ پرفارم کریں گے۔تقریب کے موقع پر میوزک اسٹار کیری انڈر ووڈ پرفارمنس دیں گی۔
پروگرام کے اختتام پر قومی ترانہ بجانے کے لیے کرسٹوفرمیکیو کا انتخاب کیاگیا ہے۔