سائنسدان پہلی مرتبہ مریخ سے پتھر کا نمونہ حاصل کرنے میں کامیاب

 ناسا کے مطابق مریخ پر اترنے والے خلائی جہاز پریزرورینس نے ایک سخت چٹان پر گول سوراخ کرکے وہاں سے پتھر اور مٹی کا نمونہ حاصل کیا ہے۔  ماہرین نے اسے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

 ناسا کے مطابق یکم ستمبر کو مریخی تحقیقی گاڑی نے اپنی برما مشین سے ایک پتھر پر سوراخ کرکے اس کا ٹکڑا نکالا ہے۔ جس بڑے پتھر سے یہ ٹکڑا لیا گیا ہے وہ ہموار اور لمبوتری چٹان ہے جسے روشیٹ کا نام دیا گیا ہے۔

چند ہفتوں قبل مریخی جہاز نے ایک پتھر پر طبع آزمائی کی تھی جس میں ناکامی ہوئی تھی. ڈرلنگ کے مکمل عمل کی کئی تصاویر بھی ناسا کو موصول ہوئی تھی۔ ناسا روور نے سوراخ کے اندر کا منظر بھی بھیجا ہے جو بالکل گول اور واضح ہے۔ ایک ٹیوب کی بدولت پتھر کا نمونہ لیا گیا ہے جو موٹائی میں عام پینسل کی طرح ہے جو اب مریخی جہاز کے اندر جمع ہوچکا ہے۔

عالمی  خبر ایجنسی کے مطابق یہ نمونہ زمین پر لایا جائے گا تاکہ مریخ کی ارضی کیمیائی ترکیب اور خود وہاں موجود خردنامیوں کا جائزہ لیا جاسکے تاہم اب تک اس نمونے کو زمین پر لانے کا کوئی انتظام سامنے نہیں آسکا ہے۔ اگرچہ پریزرورینس کے اندر بھی ایک چھوٹی تجربہ گاہ موجود ہے لیکن وہ زمینی تجربہ گاہوں کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔