افغانستان کے صوبے پنجشیر میں طالبان کے خلاف مزاحمت کرنے والی فورس کے سربراہ احمد مسعود کا کہنا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے لڑنے سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کی وادی پنج شیر میں مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود کا کہنا ہے کہ افغان عوام آزادی، انصاف کیلئے لڑ رہے ہیں، مزاحمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنج شیر میں مزاحمت اب تک مضبوطی سےجاری ہے، ہرات میں بھی خواتین نے اپنےحقوق کیلئے آواز بلند کی۔
دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ مزاحمتی اتحاد نے پنج شیر میں طالبان کی فتح کا دعویٰ مسترد کر دیا۔
طالبان ذرائع نے پنج شیر پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا، طالبان ذرائع کا کہنا تھا کہ وادی پنج شیر کے تمام اضلاع پر ہمارا کنٹرول ہے۔