برلن:امریکہ کے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارک ملی نے افغانستان کی صورتحال کے بارے میں کہاہے کہ میرے فوجی تخمینے کے مطابق جو حالات ہیں وہ خانہ جنگی کی طرف جا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جرمنی کی رمسٹیئن ایئر بیس پرامریکی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
امریکی جنرل کا کہنا تھا کہ اگر طالبان اقتدار پر قبضے کو مستحکم کرنے میں ناکام رہے تو اگلے تین برس میں القاعدہ دوبارہ ابھر سکتی ہے یا داعش اور دیگر اس جیسے دہشت گرد گروپ پھیل سکتے ہیں۔
امریکی جنرل کا یہ خدشہ افغانستان کی وادی پنج شیر میں طالبان اور مخالف اتحاد کی فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت کے بعد دیکھنے میں آیا ہے اور دونوں گروپ ایک دوسرے پر برتری کے دعوے کر رہے ہیں۔