ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید نے دورہ افغانستان کے دوران طالبان کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر سے بھی ملاقات کی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہےکہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض حمید نے دورۂ کابل کے دوران طالبان کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ سربراہ آئی ایس آئی کے ہمراہ آنے والے وفد نے ملاقات میں کابل ائیر پورٹ کو فعال کرنے میں مدد کی پیشکش کی جس پر ہم نے برادر اسلامی ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح اپنا نظامِ عمل ترتیب دینا ہے۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بھی بتایا کہ جنرل فیض حمد کی سربراہی میں آنے والے وفد نے پاک افغان سرحد کی حفاظت اور جیلوں سے بھاگنے والے قیدیوں سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفرور قیدی پاکستان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
طالبان ترجمان کے مطابق پاکستانی وفد کو ان خدشات کے جواب میں سرحدوں کی حفاظت اور افغانستان سے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور یہ کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں حکومت پاکستان سے سرحد کھولنے کی درخواست کی ہے جہاں پر ہمارے لوگوں کو روکا ہوا ہے اور تجارت نہیں ہونے دی جا رہی ہے۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض حمید نے دورۂ کابل کے دوران طالبان کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر سے بھی ملاقات کی۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید 4 ستمبر کو وفد کے ہمراہ کابل پہنچے تھے جہاں انھوں نے طالبان رہنماؤں اور حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار سے بھی ملاقات کی تھی۔